Home Pakistan اسلام آباد: پُر امن احتجاج کرنے والے نہتے سرکاری ملازمین پر...

اسلام آباد: پُر امن احتجاج کرنے والے نہتے سرکاری ملازمین پر ریاست کی وحشیانہ آنسو گیس شیلنگ اور لاٹھی چارج

SHARE

(سرکاری کاروباری اداروں، پنشنرز اور مزدور یونینوں کے ملازمین نے آج منگل سے اسلام آباد میں غیر معینہ مدت دھرنا دینے کا اعلان کیا تھا)

آج ا سلام آباد سیکریٹریٹ چوک میں پولیس اور رینجرز نے،پُر امن احتجاج کے دوران نہتے سرکاری ملازمین پر وحشیانہ آنسو گیس شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا۔

مظاہرین نے آج اپنے مطالبات اور اپنے رہنماؤں کی رہائی کے لئے، پاکستان سیکرٹریٹ سے پارلیمنٹ ہاؤس کی طرف مارچ کرنے کے کا اعلان کیا تھا۔پولیس نے پارلیمنٹ کی طرف پیش قدمی کرنے کے بعد مظاہرین پر آنسو گیس کے شیل فائر کیے۔
درجنوں رہنماؤں اورملازمین کو گرفتار کر کے انھیں سکریٹریٹ پولیس اسٹیشن لے جایا گیا۔ سیکریٹریٹ ایمپلائیز کوآرڈینیشن کمیٹی کے قائدین رحمٰن باجوہ، ملک سعید اعوان اور اگیگا کے دیگر راہنماؤں اور کارکنوں کو بلاجواز اپنے جائز حقوق کیلئے پرامن احتجاج کرنے کے جرم کی پاداش میں گرفتار کیا گیا۔

یہاں یہ واضح رہے کہ کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) لیبر یونین کے جنرل سکریٹری امان اللہ اور چیئرمین اظہار عباسی کو گزشتہ روز ہی حراست میں لے لیا گیا تھا۔

مختلف سرکاری اور غیر رسمی اداروں کے کارکنوں نے ریاست کی اس کاروائی کی بھرپورمذمت کی۔
سرکاری ملازمین کو پارلیمنٹ ہاؤس کی طرف مارچ کرنے سے روکنے کے لئے رینجرز کی ایک بھاری نفری جائے وقوع پر موجود رہی،بعدازاں مظاہرین کو پارلیمنٹ ہاؤس کی طرف مارچ کرنے سے بھی روکا گیا اور شیلنگ کا دور کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔
دوسری جانب سرکاری ملازمین کے رہنماؤں نے کل ڈی چوک اسلام آباد میں بڑا احتجاجی دھرنا دینے کا اعلان کیا ہے۔ وفاقی ملازمین نے ملک بھر سے سرکاری ملازمین کو ڈی چوک پہنچنے کی کال دیدی ہے۔
سرکاری ملازمین اپنی تنخواہوں میں 40٪ اضافے کا مطالبہ کرتے رہے ہیں۔احتجاجی ملازمین کا کہنا ہے کہ تنخواہیں بڑھانے کا اعلان تمام وزرا کرچکے ہیں لیکن اس حوالے سے نوٹیفکیشن کوئی جاری نہیں کررہا ہے۔
وفاقی ملازمین کے رہنماؤں نے اعلان کیا ہے کہ کل سے پورے پاکستان میں سرکاری دفاتر میں کام نہیں ہوگا۔ کل سے تمام سرکاری دفاتر کے باہر دھرنے دیئے جائیں گے۔

آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن اور خیبر پختونخوا، بلوچستان، پنجاب اور سندھ کے سرکاری ملازمین نے بھی احتجاج کی بھرپور حمایت کی ہے۔

SHARE