Home Working Class Struggles نیشنل پروگرام برائے خاندانی منصوبہ بندی و بنیادی صحت کے ملازمین کی...

نیشنل پروگرام برائے خاندانی منصوبہ بندی و بنیادی صحت کے ملازمین کی ہیلتھ ایمپلائیزفیڈریشن کے زیرِ انتظام اپنے بنیادی حقوق کیلئے احتجاجی ریلی

SHARE

باغ (نمائندہ مزدور کی آواز)نیشنل پروگرام برائے خاندانی منصوبہ بندی و بنیادی صحت کے ملازمین،اپنے بنیادی مطالبات کے ساتھ، ہیلتھ ایمپلائیزفیڈریشن کے زیراہتمام 5مارچ کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال باغ جمع ہوئے۔ احتجاجی ریلی 10بجے شروع ہوئی۔ ریلی کی قیادت ہیلتھ ایمپلائیزفیڈریشن کے ضلعی قائدین کررہے تھے ریلی میں خراب موسم کے باوجود ضلع بھر کے میل اور فی میل ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی،جس میں شرکاء کاجوش دیدنی تھا۔ مظاہرین نے بینرزاٹھائے ہوئے تھے اور وہ اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے،ان کے بنیادی مطالبات میں، ہیلتھ الاؤنس،رسک الاؤنس،پبلک سرونٹ سے سول سرونٹ میں منتقلی اور 2012سے واجبات کی ادئیگیاں تاحال نہ ہونا شامل تھے۔اُن کے مطابق نیشنل پروگرام پرائمری ہیلتھ کیئر جس کا آزاد کشمیر بھر میں کلیدی کردار ہے،کو حکومتِ وقت اور محکمہ صحت کے زمہ داران کی جانب سے گزشتہ تین سال سے نظر انداز کیا جا رہا ہے۔جبکہ نیشنل پروگرام کے ملازمین جو حقیقی معنوں میں فرنٹ لائن ورکرز ہیں،کی خدمات سے منہ نہیں پھیرا جا سکتا۔جو پورے آزاد کشمیر میں ہر طرح کے خراب موسم کی پرواہ کئے بغیر گھر گھر جا کر ہیلتھ سیشن دینا،پولیو مہم ہو یاکوروناسے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات،ہر قدم پر ہیلتھ ورکرز پیش پیش دکھائی دیتی ہیں۔
ملازمین کی ریلی ڈی سی آفس سے ہوتی ہوئی واپس ہیڈکوارٹر ہسپتال میں اختتام پذیر ہوئی جوجلسہ کی شکل اختیار کر گئی۔جس کی صدارت انیس گردیزی چیئرمین ہیلتھ ایمپلائیزفیڈریشن نے کی اور مہمان خصوصی ڈاکٹر عمار’سرپرست اعلی فیڈریشن باغ‘تھے۔ مظاہرے میں سردارافتخا’ر صدر ایپکا واتحادملازمین‘اورسردار ماجد کشمیری ’صدر میشن کشمیر ٹاسک فورس‘ نے اظہارِ یکجہتی کیلئے شرکت کی اور خطاب بھی کیا۔پروگرام سے دیگر مقررین سردار افتخار مغل،شوکت کشمیری،راجہ آصف،ضمیر شاہ،نوید کھوکھر،شبیر شاہ،کامران مغل،شمیم ریاض،عالیہ سٹاف نرس،جرار شاہ،خالد محمود،غفور احمد نے بھی خطاب کیا۔ مہمان ِخصوصی نے اور دیگر مقررین نے ضلع باغ میں کامیاب احتجاجی ریلی پر ضلع باغ کے ملازمین کو سلیوٹ کرتے ہوئے ان کے جوش و جذبہ کو سراہا اور اپنے چارٹرآف ڈیمانڈ پر مفصل بریفنگ بھی دی اور حکومتِ وقت سے اپنے مطالبات کی منظوری کے حوالے سے گفت وشنید کی تفصیل بھی بتائی۔ مہمانِ خصوصی کے خطاب کے دوران ملازمین قیادت فیڈریشن’قدم بڑھاؤ ہم تمھارے ساتھ ہیں‘ کے نعرے لگاتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم وزیر صحت نجیب نقی صاحب اور دیگر کی یقین دہانی پر مکمل ہڑتال کی طرف نہیں جائیں گے۔ مزید ایک ہفتہ تک روزانہ دو گھنٹے کی سٹرائیک جاری رہے گی اور 18 مارچ تک اگر مطالبات حل کر کے نوٹیفکیشن جاری نہ کیا گیا تو سخت اقدام اٹھانے پر مجبور ہوں گے۔ آخر میں صدرتقریب انیس گردیزی نے کہا کہ ہم قیادت کے ہر فیصلے کی حمایت کرتے ہیں اور چٹان کی طرح کھڑے ہیں اور ہیلتھ ایمپلائیزفیڈریشن اور ایکشن کمیٹی کاشکریہ ادا کیا پروگرام میں سٹیج سیکرٹری کے فرائض سردار تنویر احمد نے سرانجام دئیے۔ پروگرام میں الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کی اکثریت موجود رہی۔تاہم یہ احتجاج ابھی تک جاری ہے۔

SHARE